Sunday, April 17, 2016

عمران خان کو معافی مانگنا ہوگی


تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان بھی پیسے کے گرویدہ نکلے۔اسے تحریکِ انصاف کےلئے بیرونی فنڈنگ کا  کمال کہیں۔۔یا کچھ اوربرمنگھم  میں پاکستانیوں سے خطاب کےدوران  عمران خان نے نہ صرف اوور سیز پاکستانیز کی تعریف میں زمین و آسمان کے قلابے ملائے،  بلکہ انہیں افضل ترین بھی قرار دے ڈالااپنے خطاب میں عمران خان نے کہا  بیرونِ ملک موجود پاکستانی پیسے بھیجتے ہیں، جس سے ملک چلتا ہے، اس لئے بیرونِ ملک موجود پاکستانی سب سے بہترین پاکستانی ہیں۔ کپتان کے اس بیان پر افسوس  کے سوا اور کیا کیا جاسکتا ہے کہ انہوں  نے  فیصلہ سنایا بھی تو پیسے کی بنیاد پر۔حقیقت یہ ہے کہ ان کی اس منطق نے ہر پاکستانی کا دل توڑ دیا ہے۔ ملک میں رہنےوالے سوچنے پر مجبور ہوگئے ہیں کہ کیا وہ بہترین پاکستانی نہیں، یہاں رہ کر مشکلات کا مقابلہ کرنےوالے ، بدترین سے بھی بدترین حالات میں ملک نہ چھوڑنےوالے ، اپنی اپنی حیثیت کے مطابق ملکی ترقی میں حصہ ڈالنے والے کیا بہترین پاکستانی نہیں ۔
خان صاحب یہ درست  ہے کہ بیرونِ ملک موجود پاکستانی قیمتی زرِمبادلہ بھجواتےہیں، جو ملک کے لئے بڑی اہمیت رکھتا ہے۔ لیکن حقیقت یہ بھی ہے بہترین پاکستانی وہ بھی ہیں جو مشکلات سے گھبرا کر باہر نہیں بھاگتے ۔یہیں رہ کر مقابلہ بھی کرتے ہیں اور  ملکی ترقی میں حصہ ڈالتے ہیں کھیتوں میں خون پسینہ بہانے والے، غریب کسان  کیا بہترین پاکستانی نہیں۔ ملک میں آئین اور قانون کی عمل داری کےلئے جن لوگوں نے ماریں کھائیں، لاٹھیوں سےجن  سرپھٹے، جسموں پر زخم سجے، جن کی زندگی کے قیمتی دن قید خانوں کی نذر ہوئے وہ سارے گئے بھاڑ میں ۔۔اور پیسے والے بہترین ہوگئے، خان صاحب کی پیسے والوں سے یہ محبت کوئی نئی بات نہیں۔ ان پر یہ الزامات ان کی پارٹی کے اپنے لوگ ہی لگاتے ہیں کہ جہانگیر ترین کے طیارے میں بیٹھ کر وہ غریب کارکنوں کو بھول جاتے ہیں۔ تازہ ترین مثال ان کی لندن یاترا بھی ہے۔ جس میں وہ اپنے ساتھ بھی پیسے والوں کو ہی لے کر گئے۔ جہاز میں علیم خان اور جہانگیر ترین کے ساتھ ان کی تصویر بھی یہی کہہ رہی ہے کہ پیسے والے ہی بہترین پاکستانی ہیں۔ عام پاکستانی کا دل توڑ کر جانےکپتان کون سے تبدیلی لاناچاہتے ہیں، اگر یہ بات جوشِ خطابت میں ان کے منہ سے نکل گئی ہے تو پھر انہیں یہ غلطی تسلیم کرکے معافی مانگنی چاہیئے۔


1 comment: